
سعودی عرب میں غیرملکیوں کے اقامہ سے متعلق اہم وضاحت
سعودی عرب میں غیرملکیوں کے اقامہ سے متعلق اہم وضاحت
کسی غیر ملکی کے اقامہ کی میعاد ختم ہونے پر بھی اس کو وزیٹرز کے وزٹ ویزا میں توسیع سے نہیں روکا جا سکتا۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ
ریاض ( 31 اگست 2022ء ) جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ (جوازات) نے تصدیق کی ہے کہ غیر ملکیوں کے اقامہ کی میعاد ختم ہونے سے اس شخص کو وزٹرز کے وزٹ ویزا میں توسیع سے نہیں روکا جا سکتا۔ سعودی گزٹ کے مطابق جوازات کی جانب سے وضاحت اس استفسار کے جواب میں سامنے آئی جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا اقامہ کی میعاد ختم ہونے سے وہ سیاحوں کے وزٹ ویزا میں توسیع نہیں کر سکیں گے؟ اس پر جوازات نے تصدیق کی کہ اقامہ ختم ہونے کے باوجود وہ اس میں توسیع کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی عرب میں پہلی بار کام کے لیے آنے والے گھریلو ملازمین کو وصول کرنا ان کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ریکروٹمنٹ ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے، جب کہ گھریلو ملازمین جو خارجی اور دوبارہ داخلے کے ویزے کے ساتھ مملکت پہنچے ہیں وہ آجر کی ذمہ داری میں ہوں گے۔علاوہ ازیں مملکت میں غیر قانونی طور پر رہنے والوں کے بچوں کو سکولوں میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ، سعودی وزارت تعلیم نے اعلان کیا کہ غیر قانونی طریقے سے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے بچے نئے تعلیمی سال کے دوران سکولوں میں داخلہ لے سکتے ہیں، اس مقصد کے لیے اسکولوں کو چاہیے کہ وہ مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم بچوں کے والدین کو داخلہ فارم فراہم کریں اور انہیں ہدایت کریں کہ ضروری طریقہ کار کو مکمل کرنے کے لیے وہ ان خطوں کے امارات کے دفاتر سے رابطہ کریں جہاں وہ مقیم ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ منظوری ملنے کے بعد باضابطہ طور پر بھرے ہوئے داخلہ فارم متعلقہ اسکول حکام کو داخلے کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے جمع کرائے جائیں گے، وزارت نے مملکت بھر میں تعلیم کے محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر تعلیمی ضلع میں داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد کے بارے میں ماہانہ شماریاتی رپورٹ کے ساتھ تشخیص اور داخلہ کی جنرل ایڈمنسٹریشن کو فراہم کریں۔