
قطر بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آن پہنچا
قطر بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آن پہنچا
قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ہدایات پر فوری امداد بھیج دی گئی‘ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے فراہم کی جانے والی امداد میں کھانے پینے کی اشیاء، خیمے اور ذاتی استعمال کا سامان شامل ہے
دوحہ ( 30 اگست 2022ء ) قطر نے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے لیے فوری امداد بھیج دی۔ مقامی میڈیا کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریاست نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری امدادی سامان فراہم کیا، پاکستان میں جاری سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے قطر کی ریاست کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد میں کھانے پینے کی اشیاء، خیمے اور ذاتی سامان شامل ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے جواب میں قطر ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (QRCS) نے اپنے ڈیزاسٹر انفارمیشن مینجمنٹ سینٹر کو فعال کیا اور متاثرہ لوگوں کے لیے امداد فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر ایک لاکھ ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا تاکہ سیلاب کے متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے، ان پر تباہی کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے