
انگلش کرکٹر معین علی کی پاکستان کے لیے امداد کی اپیل
انگلش کرکٹر معین علی کی پاکستان کے لیے امداد کی اپیل
یہ صرف متاثرہ پاکستانیوں کی مدد نہیں بلکہ بڑا ثواب بھی ہے: برطانوی آل رائونڈر
لندن (2 ستمبر 2022ء ) انگلینڈ کے کرکٹر معین علی نے برٹش پاکستانی کمیونٹی سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے دل کھول کر امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ معین علی نے کہا ہے کہ یہ صرف متاثرہ پاکستانیوں کی مدد نہیں بلکہ بڑا ثواب بھی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کے ساتھ اپنے عزم کا اعادہ کیا اور دی سٹیزن فاؤنڈیشن (TCF) کے ذریعے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے فنڈز دینے کی عوامی اپیل کی ہے۔ای سی بی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا، “ہمارے خیالات پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے ساتھ ہیں” ،انہوں نے یہ تفصیلات بھی شیئر کیں کہ لوگ کہاں فنڈز دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی فنڈ ریزنگ مہم کی لائیو ٹرانسمیشن کے دوران پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا، اس ٹیلی تھون میں مجموعی طور پر سیلاب زدگان کے لیے 5 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان کے کچھ حصّے ریکارڈ توڑ مون سون بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب کی زد میں ہیں، اب تک 1 ہزار سے زائد افراد جاں بحق، ہزاروں زخمی اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔