
یونٹ بجلی پر رعایت سے متعلق وزیراعظم کے حکم پر عملدر آمد شروع
300 یونٹ بجلی پر رعایت سے متعلق وزیراعظم کے حکم پر عملدر آمد شروع
حکومت نے بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع کردی‘ جو شہری بل ادا کر چکے ان کے آئندہ ماہ کے بلوں سے رقم کم کردی جائے گی۔ نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد ( 04 ستمبر 2022ء ) فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم کے حکم پر عملدر آمد شروع کردیا گیا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم کے حکم پر عملدر آمد کا آغاز ہوچکا ہے، اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والوں سے بلوں میں ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی، وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کر دی گئی جب کہ جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، ان کے آئندہ ماہ کے بلوں سے رقم کم کر دی جائے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 300 یونٹس تک بجلی کے صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر چھوٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 10 ہزار میگاواٹ تک شمسی و پون بجلی پیدا کریں گے جس سے زراعت، صنعت سمیت دیگر شعبوں کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی، مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ٹیمیں بنا کر متاثرہ علاقوں میں نکلیں، عمران نیازی نے پونے چار سال جھوٹ، بہتان تراشی اور نااہلی کا سہارا لے کر معیشت اور ملک کا بیڑہ غرق کیا، نیب سمیت دیگر اداروں کو سیاسی مخالفین سے انتقام کیلئے استعمال کیا، فوج اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو قوم پہچانیں، آئی ایم ایف سے کڑی شرائط پر معاہدے سے ایسا لگ رہا ہے کہ ہم اپنے فیصلے کرنے میں آزاد نہیں ہیں، ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے قرض کیلئے اس نے ناک سے لکیریں نکلوائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں اشیاء خوردونوش سستی ہوں، لوگوں کو علاج کی مفت سہولت ملے، مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالیں یہ کسی طرح ممکن ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گذشتہ روز ہونے والا اضافہ دل پر پتھر رکھ کر کیا، اس سے قبل ہم نے 200 یونٹ تک بجلی کے صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی چھوٹ دی تھی جسے اب بڑھا کر 300 یونٹس تک کر رہے ہیں، رواں سال 20 ارب ڈالر سے زائد تیل کی درآمد پر خرچ کئے، شمسی توانائی سے سستی بجلی پیدا ہونے سے اربوں ڈالر کی بچت ہو گی جو ہم قوم کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر لگائیں گے۔