
بابر اعظم 1155 دن بعد پہلی پوزیشن سے محروم
ٹی ٹونٹی رینکنگ ، بابر اعظم 1155 دن بعد پہلی پوزیشن سے محروم
محمد رضوان نے ٹاپ پوزیشن سنبھال لی، شاداب خان کی بھی 14ویں پوزیشن پر ترقی
لاہور ( 7 ستمبر 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے ٹی ٹونٹی رینکنگ کی پہلی پوزیشن چھن گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں محمد رضوان نمبر ون ٹی ٹونٹی بیٹر بن گئے۔ بابر اعظم رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئے، وہ 1155 سے زائد دنوں تک نمبر ٹی ٹونٹی بیٹر رہے۔ رضوان بابر اور مصباح الحق کے بعد T20I رینکنگ چارٹ میں سرفہرست ہونے والے صرف تیسرے پاکستانی بلے باز ہیں۔ایشیا کپ 2022ء کی تین اننگز میں بڑا سکور نہ کرنے پر بابر اعظم کے رینکنگ پوائنٹس 810 سے 794 ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم ٹی ٹونٹی رینکنگ میں تیسرے نمبر آ گئے جبکہ بھارت کے سوریا کمار یادو چوتھے نمبر چلے گئے۔ بائولرز کی فہرست میں شاداب خان نے ایک درجے ترقی کے بعد 14 ویں پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ۔ واضح رہے کہ محمد رضوان ایشیاء کپ 2022ء کے اب تک ٹاپ سکورر ہیں۔