
ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کاروبار کے آغاز پر ہی انٹربینک میں ڈالر 240 روپے کا ہوگیا
کراچی ( 21 ستمبر 2022ء ) پاکستان میں ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ میڈیا رپورٹس ملک میں آج کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی ڈالر 1 روپے 9 پیسے مہنگا ہوگیا جس سے انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور ڈالر240 روپے کا ہوگیا، اس سے پہلے 28 جولائی 2022ء کو ڈالر239 روپے 94 پیسے کی بلندی پر پہنچا تھا جب کہ موجودہ دور حکومت میں ڈالر57 روپے7 پیسوں تک مہنگا ہوچکا ہے۔
دوسری جانب ڈالر کی سٹے بازی روکنے کے لیے حساس ادارے متحرک ہو گئے، سٹے بازی روکنے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ حساس اداروں نے بھی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور ائیرپورٹس پر سختی شروع ہو گئی ہے کیوں کہ ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی مسلسل پسپائی پریشان کن ہے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ڈالر کی بیرون ملک غیر قانونی منتقلی اور سٹے بازی روکنے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ حساس اداروں نے بھی کارروائیاں تیز کر دیں۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق حساس اداروں اور ائیرپورٹ ایجنسیوں نے ائیرپورٹس پر سختی شروع کر دی ہے ، ائیرپورٹس پر حساس اداروں کی مشکوک سامان اور افراد کی تلاشی کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد ڈالر کی غیر قانونی طور پر منتقلی کے عمل کو روکنا ہے، ڈالر کی مصنوعی طریقہ سے قلت پیدا کرنے والے سٹہ بازوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ادھر سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت مزید بڑھے گی لیکن نہیں بتا سکتا کہاں تک جائے گی کیونکہ پھر ذخیرہ اندوزی ہو گی، سیاسی استحکام ہو گا تو تمام مسائل حل کی طرف جائیں گے اور سیاسی استحکام کے لیے شفاف الیکشن ناگزیر ہیں اور کوئی راستہ نہیں ہے، عمران خان نے پٹرول اور بجلی سستی کی تو فنڈز بھی رکھے، کمپنیوں کے بھی ڈویڈنڈ سے ہمیں فنڈز حاصل ہوئے۔