
عمران خان کو پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کیلئے لانچ کیا گیا
عمران خان کو پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کیلئے لانچ کیا گیا
عمران سیاسی لیڈر نہیں اس کے ساتھ ایسا سلوک بند کیا جائے، اس نے ہمارے ملک کے استحکام، معیشت، معاشرے، میڈیا اور اب مسلح افواج پر حملہ کر کے جنگ چھیڑ دی ہے، مریم نواز کی سابق وزیر اعظم پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ
لاہور (5 ستمبر 2022) مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران سیاسی لیڈر نہیں اس کے ساتھ ایسا سلوک بند کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر شدید تنقید اور سنگین الزامات کی بوچھاڑ کی گئی ہے۔ مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کیلئے لانچ کیا گیا، انہیں قوم کو بدحالی اور مایوسی کے گڑھوں میں دھکیلنے کے لیے فنڈز فراہم کیے گئے، اس نے ہمارے ملک کے استحکام، معیشت، معاشرے، میڈیا اور اب مسلح افواج پر حملہ کر کے جنگ چھیڑ دی ہے۔مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران سیاسی لیڈر نہیں اس کے ساتھ ایسا سلوک بند کیا جائے، اگر عدلیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے اسے ڈبل ڈیلر قرار نہیں دیا گیا تو پاکستان اس صدمے سے کبھی نہیں نکلے گا اور تنزلی کی طرف جاتا رہے گا۔اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے عمران خان کے بیان پر ردعمل جاری کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت پر ہتک آمیز،انتہائی غیر ضروری بیان پر پاک آرمی میں شدید غم وغصہ ہے۔پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اداروں کو بد نام کرنے کیلئے عمران نیازی کی نفرت انگیز باتیں ہر روز نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں،عمران خان اب مسلح افواج اور اس کی قیادت کے خلاف کیچڑ اچھالنے اور زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔