سعودی عرب میں منشیات سمگلنگ پر پاکستانی شہری کو سزائے موت
پاکستانی تارک وطن غلام طفیل محمد مصطفیٰ کو منشیات سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا
ریاض ( 2025ء ) سعودی عرب میں منشیات سمگلنگ پر پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ منشیات سمگل کرنے پر غیر ملکی پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کر دیا گیا ہے، پاکستانی تارک وطن غلام طفیل محمد مصطفیٰ کو منشیات سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ ملزم کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا، بعد ازاں اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں پیر کے روز مکہ مکرمہ میں عدالت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا۔
اس کے علاوہ ریاض میں سکیورٹی گشت نے 2 پاکستانی تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے جو ایک پاکستانی خاتون پر حملہ کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آئے، جس میں موجود ملزمان کی نشاندہی پر انہیں گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا، جس شخص نے اس سارے معاملے کی ویڈیو بنائی اور اسے شیئر کیا اسے بھی سائبر کرائم مخالف قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا جائے گا۔